دوست پوچھتےہیں


As Friends Ask

خود کی کھوج ۔۔۔سوالوں کا سلسلہ

زندگی کے سفر میں بہت مسافر ملتے ہیں ۔۔ ٹرین چلتی رہتی ہے ۔ اپنے اپنے سٹیشن پر مسافر چڑھتے اترتے رہتے ہیں ۔ میری زندگی کی ٹرین میں بھی لوگ آتے جاتے رہے ہیں ۔۔اپنے اچھے برے نقوش چھوڑتے ہیں ۔میرے دوستوں کی لسٹ بہت لمبی ہے ، بچپن سے لے کر آج تک ، کوئی حالات کی گرد میں گم ہو گیا تو ہو گیا ، ورنہ میرے دوست میرے ساتھ ہی رہتے ہیں ۔ دوست سے مراد دوست ہے ، راہ میں ملنے والے وہ لوگ نہیں جو وقتی فائدوں کے لئے رکے ، اور جو کسی کے نہیں بس اپنی ضرورتوں کے وفادار تھے ، ضرورت نہ رہی تو وفا بھی نہ رہی ۔۔ ایسے عارضی لوگ میری لسٹ سے خود بخود خارج ہو جاتے ہیں ، ہر انسان پر اللہ کا ایک احسان یا تحفہ بڑا قابلِ قدر ہو تا ہے اور میری زندگی پر میرے بنانے والے کا یہ کرم ہے کہ وہ میری یاداشت سے ایسے وقتی لوگوں کو مکمل طور پر مٹا ہی دیتا ہے ۔ اور میری لانگ ٹرم میموری کارڈ میں صرف وہ لوگ رہ جاتے ہیں جنہوں نے بغیر کوئی بڑے بڑے دعوے یا وعدے کئے، بغیر میری باؤنڈری کراس کئے ، میرے سر پر جھوٹی محبت اور خلوص تھوپے ، بڑا اچھا سا پیارا سا ساتھ نبھایا ۔۔۔وہ چاہے مہینوں پہلے ملے لوگ ہیں یا سالوں سے میرے ساتھ ساتھ growہونے والے ۔۔۔میرے اندر کی سادگی اور خلوص کو سمجھ کر مجھے قیمتی جانتے ہیں اور دل سے میری قدر کرتے ہیں ۔ ایسے ہی دوستوں سے جن کا تعلق کسی نہ کسی طرح لکھنے پڑھنے سے بھی ہے ۔۔۔ ایسے ہی پیارے اور سچے دوستوں کے سوالوں کے آئینے میں ، میں نے خود کو ڈھونڈا ۔۔۔۔۔۔اس رو بینہ کو جس نے پھر سے phoenixکی طرح زندہ ہو نا ہے لیکن کسی اور کی راکھ سے نہیں اپنے ہی ماضی کی راکھ سے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ایسا پرندہ ہر ایک کے اندر ہو تا ہے ۔تنہائی میں بیٹھ کر سوچنے کا جن کو وقت اور شعور نصیب ہو تا ہے ، وہ اپنے اندر کے phoenixکی کھوج میں نکل پڑتے ہیں ۔۔۔۔۔اسی کھوج نے انسان کو جانور سے برتر کیا ہے ۔۔۔ میں اس برتری کو ضائع نہیں کرنا چاہتی ۔۔اپنی پہچان کے راستے پر سب کو چل کے دیکھنا چاہیئے ۔۔۔یہ سلسلہ نرالا ہے ۔۔ مگر آزما لینے میں کیا حرج ہے ، شائد اپنی ذات کی کوئی گتھی سلجھ جائے ، اور جب انسان خود کو سمجھنے اور مناسب تبدیلیوں کے قابل ہو جاتا ہے تو ہی وہ باقی کی دنیا کو اچھی طرح سمجھنے اور دیکھنے کے قابل بھی ہو جاتا ہے ۔ جو انسان اپنے آپ کو تبدیل کر نے کی اہلیت رکھتا ہے ، وہ دنیا کو بھی تبدیل کر سکتا ہے ۔۔۔ آغاز خود سے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔انجام نامعلوم ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔